English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران ،امریکا جنگ: پاکستان کی سفارت کاری کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا جاری، دفتر خارجہ

القمر

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے دوران پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا مہم جاری ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کی گئی ہیں اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مسلم اُمت کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے، چار ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسلام آباد میں ایران۔امریکا مذاکرات کی حمایت کی ہے۔

طاہر اندرابی کے مطابق گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے فعال سفارت کاری جاری رہی، جس کے تحت پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا چار فریقی اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اس نوعیت کا دوسرا اجلاس تھا، جبکہ اس سے قبل دو طرفہ ملاقاتیں بھی کی گئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان وزرائے خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، ایران نے آبنائے ہرمز سے 20 پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی ہے، جس کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر چین کا دورہ بھی کیا، جہاں پاکستان اور چین نے ایران۔امریکا جنگ کے خاتمے کے لیے پانچ نکاتی ایجنڈا جاری کیا۔

افغانستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان بات چیت چین میں جاری ہے اور پاکستانی وفد شہر ارومچی میں موجود ہے۔ اس کا مقصد افغانستان کی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہے، پاکستان مذاکرات سے کبھی پیچھے نہیں ہٹا اور چین کے ساتھ مل کر اس مسئلے کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے بھارتی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سے منسوب بیانات کو بھی غلط انداز میں پیش کیا گیا، جن کی بعد میں تردید کر دی گئی۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ فیک نیوز اور گمراہ کن معلومات سے محتاط رہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے