اسلام آباد: ملک میں پیٹرول کی قیمت میں گزشتہ شب 80 روپے فی لیٹر کمی کے باوجود شہریوں کی جانب سے عدم اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ حکومتی اعلان کے باوجود موٹر سائیکل سوار تاحال اضافی ریلیف کے منتظر ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم Shehbaz Sharif کی جانب سے اعلان کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے سے کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، اور ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر نئی قیمتوں کے مطابق فروخت جاری ہے۔
اس کے باوجود شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی ناکافی ہے کیونکہ موجودہ ریٹس اب بھی عام آدمی اور تنخواہ دار طبقے کی پہنچ سے باہر ہیں، جبکہ مہنگائی میں کمی کے واضح اثرات سامنے نہیں آئے۔
دوسری جانب بائیک رائیڈرز کے لیے اعلان کردہ 100 روپے فی لیٹر رعایت سے متعلق ایس او پیز تاحال عملی شکل اختیار نہیں کر سکیں، جس کے باعث ان میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
ادھر ڈیزل کی قیمت میں کمی نہ ہونے کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ برقرار ہے، اور روزمرہ سفر مزید مہنگا ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگے ایندھن کے اثرات ہر شعبے پر پڑ رہے ہیں اور مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
