English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسلام آباد مذاکرات جنگ بندی کو مستقل معاہدے میں بدل سکتے ہیں،پاکستانی ہائی کمشنر

القمر

لندن:برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی دو ہفتوں کی جنگ بندی ایک اہم پیش رفت ہے اور اسلام آباد میں متوقع مذاکرات اس جنگ بندی کو مستقل امن معاہدے میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے بیان میں کہا کہ لبنان بھی اس جنگ بندی کا حصہ ہے اور پاکستان کی قیادت نے اس حوالے سے نہایت واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے، رواں ہفتے کے اختتام پر اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات مثبت نتائج دیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار حل کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے جو چند ہفتے قبل تک ممکن دکھائی نہیں دیتا تھا، اگرچہ ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات اور چیلنجز موجود ہیں، دونوں فریقین میں مسئلے کے حل کی سنجیدہ خواہش بھی نظر آ رہی ہے، جو ایک مثبت اشارہ ہے۔

ہائی کمشنر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار مسلسل اس معاملے پر کام کر رہے ہیں اور دفتر خارجہ بھی مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے،گزشتہ چند دن اس حوالے سے انتہائی مصروف اور اہم رہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کی خواہش پائی جاتی ہے اور مختلف ممالک کے رہنما اس بحران کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں، اعتماد کی فضا قائم کرنے میں وقت لگتا ہے،  ایران اور امریکا کے درمیان اعتماد بتدریج بحال ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایران اور امریکا دونوں کے ساتھ اعتماد حاصل ہے، جس کی بنیاد پر یہ مذاکرات اسلام آباد میں ممکن ہو رہے ہیں۔ پاکستان کا مقصد محض عارضی کامیابی نہیں بلکہ خطے میں پائیدار امن اور مؤثر حل کا حصول ہے۔

آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ مثبت نیت اور سفارتی کوششوں کے تسلسل سے یہ مذاکرات کامیابی کی طرف بڑھیں گے اور خطے میں دیرپا استحکام کا باعث بنیں گے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے