راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات میں کردار ادا کرکے ثابت کیا ہے کہ پاکستان امن کا پیامبر ہے، اور یہ پیش رفت خطے میں استحکام کی طرف اہم قدم ہے۔
راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ جنگوں سے دنیا قائم نہیں رہ سکتی، اور واحد حل امن کا راستہ ہے،پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور یہ ایک تاریخی کامیابی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ ملک اہم کام کر رہا ہے اور حکومت کی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے،بعض اوقات عوام نے ریلوے یا دیگر علاقوں میں بندش کو بھی ملکی مفاد میں برداشت کیا، ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان کو خطے میں ایک مضبوط مقام حاصل ہوا ہے اور اب کوئی ملک پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔
بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کو چاہیے کہ وہ اپنے اندرونی مسائل پر توجہ دے، کیونکہ وہاں اب بھی بڑی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، خطے میں امن کے لیے مثبت سوچ اپنانا ضروری ہے۔
ریلوے کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ریلوے کے لیے بیل آؤٹ پیکج دیا گیا ہے، جس کے بعد ادارے میں بہتری آئے گی اور بجلی و گیس کی فراہمی بہتر ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ سفاری ٹرین کو اپ گریڈ کر کے تمام کوچز کو ایئر کنڈیشنڈ بنا دیا گیا ہے اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،یہ سہولت اب دیگر علاقوں تک بھی بڑھائی جا رہی ہے تاکہ عوام کو آرام دہ سفری سہولت میسر ہو سکے۔
