بیروت: لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں درجنوں افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ خطے میں انسانی بحران مزید سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
لبنانی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنان کے ضلع صور کے قصبے معروب میں ہونے والے ایک اسرائیلی حملے میں کم از کم 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اسی طرح جنوبی قصبے قانا میں بھی ایک اور فضائی حملے کے نتیجے میں 5 افراد کے شہیدہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ان حملوں کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہو گئیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی کارروائیوں کا دائرہ مزید علاقوں تک پھیل گیا ہے، جن میں البازوریہ، قلیلا، بفلِیہ اور قلوایہ شامل ہیں۔ ان علاقوں میں بھی متعدد حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، کئی رہائشی عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئی ہیں جبکہ شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہو کر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
لبنانی ذرائع نے مزید بتایا کہ گزشتہ رات قصبہ تفحتہ پر ہونے والے ایک شدید حملے میں کم از کم 13 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی لبنان کے دیگر علاقوں کفرہ، حاریس، رشاف اور سریبین میں بھی اسرائیلی فضائی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جہاں وقفے وقفے سے بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملوں کے بعد ہر طرف ملبہ، دھواں اور چیخ و پکار سنائی دے رہی ہے، جبکہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں، اسپتالوں میں زخمیوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے، جس کے باعث طبی سہولیات پر شدید دباؤ بڑھ گیا ہے۔
