English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران نے عالمی تجارتی جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا

القمر

 

ایران نے جنگ بندی معاہدے کے تحت ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو دوبارہ عالمی تجارتی جہاز رانی کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی کی باقی مدت کے دوران تمام کمرشل بحری جہاز ایران کی جانب سے طے کردہ مخصوص اور منظم بحری راستوں کے ذریعے بلا رکاوٹ گزر سکیں گے۔

 عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ یہ راستے پہلے ہی متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ بحری آمد و رفت کو محفوظ اور منظم بنایا جا سکے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ بندی 22 اپریل تک مؤثر رہے گی، جس کے بعد کی صورتحال بدستور غیر یقینی ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ آیا اس مدت کے اختتام پر آبنائے ہرمز کھلی رکھی جائے گی یا دوبارہ کشیدگی جنم لے گی۔

یہ امر بھی تاحال واضح نہیں ہو سکا کہ ایران نے اس فیصلے کے لیے کن شرائط پر رضامندی ظاہر کی، تاہم پس منظر میں حالیہ کشیدگی اور عسکری جھڑپیں اہم حیثیت رکھتی ہیں۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملے کیے گئے تھے، جن کے نتیجے میں اعلیٰ عسکری قیادت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ ان حملوں کے ردعمل میں ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کر دیا تھا، جو عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کا ایک نہایت اہم سمندری راستہ ہے۔

آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی منڈیوں میں توانائی کے بحران نے جنم لیا، تیل و گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس کے اثرات مہنگائی اور معاشی دباؤ کی صورت میں دنیا بھر میں محسوس کیے گئے۔

بعد ازاں کشیدہ صورتحال کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہوئیں اور پاکستان کی ثالثی میں فریقین دو ہفتوں کی جنگ بندی پر آمادہ ہوئے۔ اس معاہدے کے تحت امریکا نے مزید حملوں سے گریز جبکہ ایران نے آبنائے ہرمز کو بحری آمد و رفت کے لیے کھولنے پر اتفاق کیا، جس کے عملی اثرات اب سامنے آ رہے ہیں

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے