اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے ادویات کی آن لائن غیرقانونی تشہیر اور فروخت کے خلاف سخت اقدامات شروع کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے متعدد ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز بلاک کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
ڈریپ نے مختلف آن لائن پلیٹ فارمز کی نشاندہی بھی کی ہے جو مبینہ طور پر بغیر اجازت ادویات فروخت کر رہے تھے۔ ادارے کے مطابق غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر نسخے کے بغیر ادویات کی تشہیر میں اضافہ تشویشناک ہے، جبکہ خاص طور پر جنسی صحت، وزن کم کرنے اور ذہنی امراض سے متعلق ادویات کی غیرقانونی فروخت بھی جاری ہے۔
ڈریپ کے مطابق بعض ادویات بھارت اور ایران سے اسمگل ہو کر آن لائن فروخت کی جا رہی ہیں، جو نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ ان کے استعمال سے سنگین مضر اثرات اور جان لیوا پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی ادویات کی آن لائن تشہیر کے لیے پیشگی منظوری لازمی ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے، ادویات کی ضبطی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔