واشنگٹن میں امریکی سینیٹ کے ڈیموکریٹ رکن چک شومر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ایران سے جاری جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں ڈیموکریٹ سینیٹر چک شومر نے کہا کہ اس جنگ کو مزید طول دینا کسی بھی صورت میں امریکی مفاد میں نہیں اور اسے فوراً ختم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
چک شومر نے کہا کہ جتنا زیادہ یہ جنگ جاری رہے گی، صورتحال اتنی ہی زیادہ بگڑتی جائے گی اور خطے میں عدم استحکام میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ یہ جنگ مسلسل شدت اختیار کر رہی ہے اور امریکا ایک ایسے دائرے میں داخل ہو رہا ہے جہاں نقصانات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، موجودہ صورتحال میں امریکا گہرے بحران کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔
سینیٹر چک شومر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کے نتیجے میں امریکا کی معاشی صورتحال، عسکری تیاری اور قومی سلامتی پہلے کے مقابلے میں زیادہ کمزور ہو چکی ہے، اس لیے فوری طور پر پالیسی پر نظرثانی اور جنگ کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
