English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 ایران کا امریکا پر عدم اعتماد برقرار، صدر پزشکیان کا شہباز شریف سے رابطہ

القمر

تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ ماضی میں امریکا کے ساتھ ہونے والے مذاکرات نے اعتماد کی فضا قائم کرنے کے بجائے بداعتمادی میں اضافہ کیا، جس کے باعث موجودہ حالات میں ایران کسی بھی جبری یا دباؤ پر مبنی مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گا۔

ایرانی حکومت کے مطابق صدر پزشکیان نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال، سلامتی کے امور اور سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ دھمکیوں، پابندیوں اور ناکہ بندی کے ماحول میں ہونے والے مذاکرات قابلِ قبول نہیں ہوتے، جب تک ایران کے خلاف جارحانہ اقدامات ختم نہیں کیے جاتے، اس وقت تک اعتماد کی بحالی ممکن نہیں، امریکا کو مذاکرات کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، جن میں بحری ناکہ بندی کا خاتمہ اور دیگر رکاوٹوں کو دور کرنا شامل ہے۔

صدر پزشکیان نے اس بات پر زور دیا کہ ایران ہمیشہ بامعنی اور برابری کی بنیاد پر مذاکرات کا حامی رہا ہے، یکطرفہ دباؤ یا طاقت کے استعمال کی پالیسی خطے میں مزید کشیدگی کو جنم دیتی ہے،پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ تمام فریقین سنجیدگی اور باہمی احترام کے ساتھ آگے بڑھیں۔

دوسری جانب حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا۔ انہوں نے عباس عراقچی کی قیادت میں وفد کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کو جاری رکھنے اور قریبی مشاورت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ایرانی صدر نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور اسحاق ڈار کی امن کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے