اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے “معرکۂ حق” میں دشمن کو بھرپور اور مؤثر جواب دے کر اپنی دفاعی اور سفارتی طاقت ثابت کی ہے اور پاکستانی قوم اپنی عزت و وقار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال قبل کاکول میں پہلگام واقعے پر اپنا واضح، دوٹوک اور ذمہ دارانہ مؤقف پیش کیا تھا، جو سفارتی محاذ پر ایک اہم موڑ ثابت ہوا، پاکستان نے اس پورے معاملے میں تحمل اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور بلیم گیم کے بجائے شفاف تحقیقات کی بات کی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پہلگام واقعے کو ایک المیہ قرار دیتے ہوئے الزام تراشی کے بجائے غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، جسے عالمی سطح پر مثبت انداز میں دیکھا گیا، پاکستان نے نہ صرف متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا بلکہ عالمی برادری میں بھی اس واقعے پر تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مؤقف کے سامنے بھارت کی پوزیشن کمزور پڑی اور وہ بیک فٹ پر چلا گیا جبکہ کئی ممالک نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی۔ وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کیا ہے اور امن کو ترجیح دی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نہ صرف دہشت گردی کے واقعات پر مؤثر ردعمل نہیں دیتا بلکہ بعض شدت پسند گروہوں کی بالواسطہ یا بلاواسطہ معاونت کے حوالے سے بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی جیسے گروہوں کے تانے بانے خطے میں مختلف حوالوں سے جوڑے جاتے رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار ہے اور اس جنگ میں ملک نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، افواج پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں ملک کا دفاع مؤثر انداز میں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی عزت، وقار اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی، پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور اعتماد حاصل ہوا ہے جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا اعتماد بھی مزید مضبوط ہوا ہے۔