باکو:آذربائیجان اور امارات نےاس بات پر زور دیا کہ نجی شعبے کے درمیان روابط کو مزید فروغ دے کر اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔
عالمی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک نے باہمی طور پر اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے سمیت اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ مقامی میڈیا نے مذکورہ حوالے سے بتا یا ہے کہ آذربائیجان کے وزیرِ معیشت میکائل جباروف نے ابوظبی سے آئے ہوئے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور سعید بن مبارک الہاجری کر رہے تھے۔ ملاقات میںدونوں فریقین نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے علاوہ مشترکہ سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِ معیشت کے مطابق مشترکہ بین الحکومتی کمیشن برائے اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی تعاون کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ صنعت، توانائی، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔
