لاہور: خواجہ سعد رفیق نے اسلام آباد کے ون کانسٹی ٹیوشن پروجیکٹ میں شراکت داری یا کسی اپارٹمنٹ کی ملکیت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ان کا یا ان کے خاندان کا اس منصوبے میں کسی اپارٹمنٹ کی ملکیت یا سرمایہ کاری سے کوئی تعلق نہیں، اس حوالے سے پہلے بھی وضاحت جاری کی جا چکی ہے، لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا جاری ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ اگر ان کے خلاف مہم بند نہ کی گئی تو وہ قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور سیاسی مخالفین دانستہ طور پر غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، بعض عناصر ذاتی اور سیاسی مخالفت میں انہیں نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ غیر ملکی یا جعلی اکاؤنٹس بھی اس مہم کا حصہ ہیں جو ریاست اور اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے واضح کیا کہ اگرچہ ان کے یا ان کے خاندان کے نام پر کوئی اپارٹمنٹ موجود نہیں، اس منصوبے میں ان کے بعض جاننے والے ضرور سرمایہ کار ہیں، جن کی سرمایہ کاری ان کا ذاتی معاملہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی رائے میں حکومت کو اس منصوبے کے حوالے سے شفاف تحقیقات کرنی چاہئیں اور اگر کسی ادارے یا ریگولیٹر کی غفلت یا خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے، منصوبے میں سرمایہ کاروں کے حقوق کا تحفظ بھی ضروری ہے، وضاحت کے باوجود اگر جھوٹا پروپیگنڈا جاری رکھا گیا تو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔