بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، فائرنگ اور دیگر افسوسناک واقعات کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ صوبے بھر میں پیش آنے والے پے در پے سانحات کے باعث فضا سوگوار ہو گئی۔
سب سے ہولناک حادثہ ضلع چاغی میں پیش آیا جہاں دالبندین کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر تیز رفتار کار اور بوزر کے درمیان خوفناک تصادم نے 10 جانیں نگل لیں۔ ڈی ایس پی چاغی عابد شیرزئی کے مطابق حادثے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دالبندین سے آنے والی گاڑی کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والے بوزر سے جا ٹکرائی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کار میں سوار تمام افراد افغان شہری تھے جو غیر قانونی طور پر سفر کر رہے تھے۔
دوسری جانب ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے خانوزئی میں بھی المناک حادثہ پیش آیا جہاں تحصیل نانا صاحب کے قریب کلی میاں شاخ کے مقام پر مسافروں سے بھرا لوڈر رکشہ گہری کھائی میں جا گرا۔
حادثے کے نتیجے میں سپن ٹکی نانا صاحب سے تعلق رکھنے والے 5 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں نے دشوار گزار علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔
ادھر ساحلی علاقے گڈانی میں سمندر ایک اور خاندان کیلئے قیامت بن گیا، جہاں نہاتے ہوئے 24 سالہ حماد اور 17 سالہ محسن ڈوب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دونوں نوجوانوں کی لاشیں مقامی افراد اور امدادی کارکنوں نے کافی کوششوں کے بعد سمندر سے نکالیں۔
حب کے علاقے حسن پیر کے قریب فائرنگ کے واقعے میں محمد گل نامی شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ گڈانی اسٹاپ کے قریب سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت کیلئے لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
نوشکی کے علاقے کلی جمالدینی میں نامعلوم مسلح افراد نے بوائز ہائی اسکول کی لائبریری میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں حق نواز جمالدینی اور محمد اکرم جمالدینی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
علاوہ ازیں ضلع کچھی کی تحصیل بھاگ کے گاؤں وضوع لعلو گجر میں گھریلو تنازع خونریز رخ اختیار کر گیا، جہاں ایک شخص نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی اور بیٹی کو قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی ہے۔
