English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عید الاضحیٰ کے دوران موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

القمر

ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے دوران موسم سے متعلق محکمہ موسمیات نے تازہ پیشگوئی جاری کر دی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ موسمی سسٹم کے تحت بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو روز تک بارش کا امکان ہے، جس سے موسم قدرے خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عرفان ورک نے بتایا کہ لاہور میں آئندہ دو روز تک موسم نسبتاً بہتر رہے گا، اس کے بعد درجہ حرارت میں دوبارہ اضافہ شروع ہو جائے گا اور گرمی کی شدت واپس آ جائے گی،بالائی اور شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں بھی اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش برسنے کا امکان موجود ہے۔

کراچی کے موسم سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہرِ قائد میں مئی کے آغاز جیسی شدید گرمی فی الحال نہیں ہے، درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہے گا، آئندہ دو روز تک کراچی کا موسم قدرے بہتر رہنے کی توقع ہے۔

عید الاضحیٰ کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ موجودہ بارش کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا اور عید کے دنوں میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے، عید سے قبل بارش کا ایک اور سلسلہ بھی بننے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی پیشگوئی ابھی نہیں کی جا سکتی۔

عرفان ورک کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال کے بعد خطے میں مجموعی طور پر گرم موسم غالب آنے کی توقع ہے، جس کے باعث عید کے دنوں میں شہریوں کو گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے موسمیاتی رجحان النینو کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بحرالکاہل میں یہ نظام فعال ہو جائے تو جنوبی ایشیا کے ممالک میں مون سون کے دوران بارشوں کی مقدار نسبتاً کم ہو سکتی ہے، جس کا اثر مجموعی موسمی پیٹرن پر پڑتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بدلتے ہوئے موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر گرمی کی شدت میں اضافے کے دوران پانی کا زیادہ استعمال اور دھوپ سے بچاؤ کو یقینی بنائیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے