English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان میں ذوالحج کا چاند؛ سپارکو نے تازہ فلکیاتی ڈیٹا جاری کردیا

القمر

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن یعنی سپارکو نے ذوالحج 1447 ہجری کے چاند سے متعلق فلکیاتی اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 17 مئی 2026 کو رات سوا ایک بجے پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق متوقع ہے۔

سپارکو کے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق 17 مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 18 گھنٹے 30 منٹ سے زائد ہوگی۔ ملک کے ساحلی علاقوں میں سورج اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان 60 منٹ کا فرق رہے گا جو رویت کے لیے کافی ہے۔

ان فلکیاتی حالات کو دیکھتے ہوئے یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ 17 مئی کی شام ذوالحج کا چاند باآسانی دیکھا جا سکے گا، تاہم اس کے لیے شرط یہ ہے کہ آسمان صاف ہو اور افق پر گرد و غبار یا بادلوں کا کوئی بڑا سلسلہ موجود نہ ہو۔

اگر 17 مئی کو چاند نظر آ جاتا ہے تو یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر کو ہوگی۔ اس حساب سے پاکستان میں عید الاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائے جانے کا قوی امکان ہے۔

سپارکو نے واضح کیا ہے کہ اسلامی مہینوں کے آغاز کا حتمی اعلان صرف مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔ ملک بھر سے موصول ہونے والی مصدقہ شہادتوں اور مشاہدات کی روشنی میں ہی چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی باقاعدہ طور پر تاریخوں کا اعلان کرنے کے مجاز ہوں گے۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ ان کے جاری کردہ اعداد و شمار سائنسی بنیادوں پر مبنی ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چاند کی رویت کے حتمی اعلان کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے فیصلے کا انتظار کریں اور اسی کے مطابق اپنی مذہبی تقریبات کا لائحہ عمل مرتب کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے