وزارت ریلوے نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان ریلوے نے مالی سال 2024-25 کے دوران 2 ارب 41 کروڑ روپے منافع حاصل کیا۔
قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران جمع کرائے گئے تحریری جواب میں وزارت ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلسل دوسرے سال بھی منافع کمایا ہے۔ جواب کے مطابق ادارے کی مجموعی آمدن 93 ارب 60 کروڑ روپے جبکہ اخراجات 91 ارب 18 کروڑ روپے رہے۔
وزارت ریلوے کے مطابق مالی سال 2022-23 میں 8 ارب 46 کروڑ روپے خسارے کا سامنا تھا، تاہم اس کے بعد مسلسل دو برس منافع حاصل ہونے سے ریلوے ایک منافع بخش ادارے کی شکل اختیار کرچکا ہے۔
تحریری جواب میں مزید بتایا گیا کہ آمدن میں نمایاں اضافے کے باعث ادارے کی مالی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ مسافر اور مال بردار ٹرینوں سے حاصل ہونے والی آمدن میں اضافے نے ریلوے کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ مجموعی آمدن پہلی بار 93 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔ وزارت کے مطابق ادارے کی مالی پوزیشن مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔