پاکستان نے دفاعی میدان میں ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقامی سطح پر تیار کیے گئے “فتح 4” گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اس میزائل کا تجربہ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ “فتح 4” جدید رہنمائی اور نیویگیشن نظام سے لیس ہے اور دور فاصلے تک انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ فتح -4 کروز میزائل کا کامیاب تربیتی فائر کا مظاہرہ۔
تربیتی فائر کا مظاہرہ آرمی راکٹ کمانڈ فورس نے کیا
صدر مملکت ، وزیراعظم ، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس کی پوری ٹیم کو کامیاب تربیتی فائر مظاہرے پر مبارکباد pic.twitter.com/BoQTwoAoTK— PTV News (@PTVNewsOfficial) May 14, 2026
آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے کا بنیادی مقصد میزائل کی عملی کارکردگی، فنی معیار اور مختلف تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینا تھا۔ تجربے کے دوران میزائل سے منسلک مختلف ذیلی نظاموں کی فعالیت اور نشانے کی درستگی کو بھی جانچا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اس اہم تجربے کا مشاہدہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران نے کیا، جبکہ دفاعی سائنسدانوں اور متعلقہ فنی ماہرین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ ماہرین نے تجربے کے دوران میزائل کے مختلف مراحل اور اس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان نے “فتح 4” کے کامیاب تجربے پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ اعلیٰ عسکری اور حکومتی قیادت نے “فتح” میزائل پروگرام سے وابستہ انجینئرز، سائنسدانوں، تکنیکی ماہرین اور دیگر متعلقہ افراد کی پیشہ ورانہ مہارت، مسلسل محنت اور قومی دفاع کے لیے ان کے عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔