English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گوجرانوالہ: لیبیا کشتی حادثے میں ملوث باپ بیٹے کو 22، 22 سال قید کی سزا

القمر

گوجرانوالہ میں انسانی اسمگلنگ اور لیبیا کشتی سانحے سے متعلق اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے ملوث باپ بیٹے کو مجموعی طور پر طویل قید اور بھاری جرمانے کی سزا دے دی۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی خصوصی عدالت میں زیرِ سماعت مقدمے کا فیصلہ جج کی جانب سے سنایا گیا، جس کے تحت دونوں ملزمان کو 22، 22 سال قید کی سزا دی گئی جبکہ ہر ایک پر 14، 14 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے غیرقانونی طریقے سے دو نوجوان بھائیوں کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر ان کے اہلِ خانہ سے 62 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ بعد ازاں دونوں نوجوان غیرقانونی طور پر یورپ جانے کے دوران کشتی حادثے کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے تھے۔

پراسیکیوشن کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جون 2023 میں پیش آیا تھا، جس کے بعد متاثرہ خاندان کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے تھانے گوجرانوالہ میں مقدمہ درج کروایا گیا۔ تحقیقات کے دوران انسانی اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک سے متعلق مختلف شواہد عدالت میں پیش کیے گئے۔

عدالت نے دستیاب شواہد، گواہوں کے بیانات اور تفتیشی ریکارڈ کی بنیاد پر ملزمان کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنائی۔

واضح رہے کہ لیبیا کے ساحل کے قریب 5 فروری 2023 کو تارکینِ وطن کی ایک کشتی حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں 16 پاکستانی شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ اس سانحے کے بعد ملک بھر میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی لائی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے