پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری اوقات سے متعلق عائد پابندی میں نرمی کرتے ہوئے یکم جون تک مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کو رات 8 بجے بند کرنے کی شرط ختم کردی ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق اس رعایت کا اطلاق پنجاب بھر کی مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، کھانے پینے کی دکانوں اور ریسٹورنٹس پر ہوگا، جس کے بعد کاروباری سرگرمیاں پہلے کے مقابلے میں زیادہ دیر تک جاری رکھی جا سکیں گی۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ علی اعجاز نے بتایا کہ آج سے مارکیٹوں کی رات 8 بجے تک بندش کی پابندی نافذ العمل نہیں رہے گی،تاجروں اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری اوقات میں نرمی سے نہ صرف تاجروں کو فائدہ ہوگا بلکہ شہریوں کو بھی خریداری میں آسانی میسر آئے گی، خاص طور پر ایسے افراد کو جو دن کے اوقات میں مصروفیات کے باعث بازاروں کا رخ نہیں کر پاتے۔
تاجروں کی تنظیموں نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔