اسلام آباد: مارگلہ پہاڑی سلسلے میں غیرقانونی شکار کے الزام میں ایک غیرملکی شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔
محکمہ جنگلی حیات کے ذرائع کے مطابق اسلام آباد جنگلی حیات انتظامی بورڈ نے کارروائی کرتے ہوئے خفیہ اطلاع پر ایک خصوصی ٹیم تعینات کی، جس نے ملزم کو پھندے کے قریب سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزم نے مزاحمت کی اور ایک اہلکار کو دانتوں سے کاٹ کر زخمی بھی کر دیا۔
محکمہ جنگلی حیات کی شکایت پر تھانہ کوہسار میں گیارہ مئی کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کے متن کے مطابق سیکٹر ای سیون کے قریب جنگلاتی علاقے میں معائنے کے دوران شکار کے لیے لگائے گئے پھندے برآمد ہوئے، جبکہ ایک ہرن ان پھندوں میں پھنس کر ہلاک ہو چکا تھا۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ جنگلی جانوروں کے غیرقانونی شکار میں بعض مقامی افراد کے ساتھ غیرملکی شہری بھی ملوث ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم نے نایاب نسل کے ہرن سمیت متعدد جنگلی جانوروں کا شکار کیا، جبکہ رات گئے پھندے میں پھنسے جانور کو ذبح کر کے ڈبے میں بند کر دیا گیا۔