English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو ہماری فوج ٹریگر دبانے کیلئے تیار ہے: ایران

القمر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ نئے حملے کو خلیجی ممالک کی درخواست پر مؤخر کیے جانے کے دعوے کے بعد تہران کی جانب سے شدید اور سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

ایرانی فوج کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جوان مکمل طور پر تیار ہیں اور اگر دوبارہ کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا فوری، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ ایرانی افواج کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں خاموش نہیں رہیں گی اور ہر جارحانہ اقدام کا دندان شکن جواب دیا جائے گا جبکہ ملک کے دفاع کے لیے تمام تر صلاحیتیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔

دوسری جانب ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرامینیا نے بھی امریکا کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک بار پھر ایران کے خلاف کسی کارروائی کی کوشش کی گئی تو تہران نئے محاذ کھولنے پر مجبور ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی بیرونی دباؤ یا جارحیت کے سامنے پیچھے نہیں ہٹے گا اور اگر امریکا نے دوبارہ صہیونی منصوبوں کے اثر میں آ کر کوئی اقدام کیا تو اس کے نتائج غیر معمولی ہوں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ آئندہ کسی بھی ممکنہ جنگ میں نئے انداز اور جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا جائے گا، جس کا اندازہ مخالف فریق کو بھی نہیں ہوگا جبکہ ایرانی قوم اپنے وطن کے دفاع کے لیے مکمل طور پر متحد اور پُرعزم ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا منگل کے روز ایران پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا ارادہ رکھتا تھا، تاہم خلیجی ممالک کی درخواست کے باعث اس منصوبے کو وقتی طور پر مؤخر کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے