ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اداکارہ کو آن لائن ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا، وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل

لاہور: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ مومنہ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ وہ طویل عرصے سے مبینہ طور پر آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہیں، انہیں ایک سیاسی جماعت سے وابستہ ایک رکنِ صوبائی اسمبلی کے قریبی فرد کی جانب سے مسلسل ذہنی دباؤ اور خوف کا سامنا ہے، جس نے ان کی ذاتی اور خاندانی زندگی کو متاثر کیا ہے۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں دعویٰ کیا کہ وہ مختلف پلیٹ فارمز پر طویل عرصے سے نشانہ بن رہی ہیں، انہوں نے متعدد بار متعلقہ اداروں، جن میں سائبر کرائم سے متعلق قومی ادارہ، وفاقی تحقیقاتی ادارہ اور پنجاب پولیس شامل ہیں، کو شکایات درج کروائیں، مؤثر کارروائی سامنے نہیں آ سکی۔

مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ایک رکنِ صوبائی اسمبلی کے حوالے سے کیے گئے ان الزامات میں اداکارہ نے کہا کہ سیاسی اثر و رسوخ کے باعث ان کی شکایات کو دبانے کی کوشش کی گئی اور انہیں انصاف فراہم کرنے کے بجائے مزید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے بعد ان کے اہلِ خانہ بھی غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور انہیں سنگین نوعیت کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں، بعض بااثر حلقوں کی جانب سے معاملے کو خاموش کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

مومنہ اقبال نے کہا کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے قانونی راستہ اختیار کر چکی ہیں اور اگر صورتحال برقرار رہی تو وہ تمام ثبوت عوام کے سامنے لانے کے لیے میڈیا سے رجوع کریں گی، وہ کسی بھی قسم کے دباؤ کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

انہوں نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور غیر جانبدار تحقیقات یقینی بنائیں تاکہ ذمہ دار افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں