English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جوہری مسائل کے حل کیلئے ایران اور امریکا معاہدے کے قریب پہنچ گئے

القمر

ویانا: عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رفال گروسی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران اور امریکا ایک نئے جوہری فریم ورک پر اتفاق رائے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کو درپیش تنازعات کے حل کے لیے درکار وقت فراہم کرے گی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق رفال گروسی نے ویانا میں بورڈ آف گورنرز کے ہنگامی اجلاس کے بعد واضح کیا کہ ایجنسی براہ راست مذاکرات میں شریک نہیں ہے، تاہم وہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

اس سے قبل انہوں نے ایران، چین اور روس کے مستقل نمائندوں کے ساتھ ایک اہم مشترکہ ملاقات بھی کی۔

دریں اثنا جوہری نگران ادارے نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ ایران تک محدود رسائی کے باعث افزودہ یورینیم کے ذخائر کی درست تصدیق ممکن نہیں رہی۔ ادارے کے مطابق اس صورتحال سے عالمی سطح پر جوہری پھیلاؤ کے خدشات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی امید ظاہر کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے جوہری مقامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے نکات بہت جلد دنیا کے سامنے لائے جائیں گے اور معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔

اُدھر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی پڑوسی ملک نے ایران کے خلاف امریکی جارحیت کے لیے اپنی سرزمین یا اڈے استعمال کرنے دیے تو انہیں جائز ہدف بنایا جائے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کا خواہاں ہے۔

مزید برآں امریکہ نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے نئی پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق عمان پر بھی ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے لیے شدید دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ خلیجی خطے میں کشیدگی کے باعث تجارتی جہازوں کے راستے بھی تبدیل کیے جا رہے ہیں۔

موجودہ صورتحال پر ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے کہا کہ مجوزہ معاہدے کے مسودے میں کئی ابہام موجود ہیں جن کی وضاحت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل ان تمام نکات کو شفاف انداز میں حل کیا جانا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے