ڈاکٹروں کی ٹیم معائنہ کرے گی، وفاقی وزیر نے بیرون ملک بھیجنے کا بھی عندیہ دے دیا
فائل فوٹو
بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جمعرات کو رات گئے سخت سکیورٹی میں اڈیالاجیل سے شفا اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے انہین بیرون ملک بھیجنے کا بھی عندیہ دے دیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سخت سکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال کیلئے منتقل کر دیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی میں اڈیالا جیل سے شفا اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس بانی پی ٹی آئی کو لے کر اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی میں اڈیالا جیل سے روانہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالا جیل گیٹ نمبر ایک سے اسپتال کیلئے روانہ ہوئے۔
اس سے قبل آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ شفا انٹرنیشل اسپتال کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی تھی۔
شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے خصوصی اقدامات کرلیے گئے ، بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کیا جائے گا ، 6 ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرے گی ، چیک اپ کے بعد بانی پی ٹی آئی کو اسپتال میں داخل کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ایڈمٹ کرنے کی صورت میں بھی خصوصی اقدامات مکمل کرلیے گئے۔
یاد رہے کہ جمعرات کی صبح سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے خلاف گزشتہ روز دائر کی گئی نظر ثانی درخواست بعض اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے بانی پی ٹی آئی کو بیرونِ ملک بھیجنے کا امکان بھی ظاہر کر دیا ۔
توہین عدالت کی دھمکی
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
جمعرات کو وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقلی کے سوال پر کہا ہے کہ ابھی رات 12 بجے تک کا وقت ہے۔ یہ کام اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جو بھی کرنا ہے، وہ کر رہے ہیں ۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی سے پہلے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ابھی تک اسپتال شفٹ نہیں کیا گیا۔
ایک ویڈیو بیان میں وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ ہماری طرف سے توہین عدالت کی درخواست تیار ہوگئی ہے۔
نعیم پنجوتھا نے کہا رات 12بجے وقت پورا ہوگا اور صبح پٹیشن دائر ہوجائے گی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ مطالبہ کریں گے کہ فوری شفٹ کریں اور ان کیخلاف کارروائی شروع کی جائے۔
پی ٹی آئی کا کہنا تھا اسپتال منتقلی کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے حکومت کے پاس رات 12 بجے تک کا وقت باقی ہے، حکم نہ ماننے پر پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی تیاری کرلی۔
پی ٹی آئی کے وکیل کے مطابق جمعہ کو پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے جمعرات کا دن فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت عدالتی حکم پر نظرِ ثانی کی درخواست واپس لے چکی۔ اب اس کے پاس بانی کی اسپتال منتقلی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔