سری نگر/جموں و کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت کی پلیئنگ الیون میں جگہ بنا کر بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرلیا۔
بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے عاقب نبی بین الاقوامی سطح پر بھارت کی نمائندگی کرنے والے جموں و کشمیر کے تیسرے کرکٹر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل پرویز رسول اور عمران ملک بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
’’بارہمولہ ایکسپریس‘‘ کے نام سے مشہور عاقب نبی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی سطح پر اپنی جگہ بنائی، جبکہ حالیہ عرصے میں کاؤنٹی کرکٹ میں بھی ان کی کارکردگی نمایاں رہی۔
بھارتی ٹیم میں پہلی مرتبہ شامل کیا جانا 28 سالہ تیز گیند باز کے کیریئر کا ایک اہم سنگِ میل ہے اور اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کے ان کرکٹرز کی فہرست میں ایک اور نام شامل ہوگیا ہے جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر بھارت کی نمائندگی کی ہے۔
عاقب نبی کے بھارتی پلیئنگ الیون میں شامل ہونے کے باعث وہ جمعرات سے سری نگر کے شیرِ کشمیر اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے جموں و کشمیر اور ریسٹ آف انڈیا کے درمیان ایرانی کپ کے مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔