ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

واڑون کشتواڑ میں شبانہ آتشزدگی، 7 مکانات مکمل طور پر خاکستر، کوئی جانی نقصان نہیں

عاصف بٹ
کشتواڑ/ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقہ واڑون کے منگلی گاؤں میں رات گئے اچانک بھڑک اٹھنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم سات رہائشی مکانات مکمل طور پر خاکستر ہوگئے، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق واڑون علاقے سے تقریباً چار کلومیٹر کی دوری پر واقع منگلی گاؤں میں دیر رات اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے متعدد رہائشی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ متاثرہ خاندانوں نے گھروں سے باہر نکل کر محفوظ مقامات پر پناہ لی۔
مقامی افراد، پولیس اور انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور کئی گھنٹوں کی کڑی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے اننت ناگ سے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی متعدد گاڑیاں بھی موقع پر روانہ کی گئیں، جنہوں نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔
آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم سات رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں، جبکہ دیگر املاک کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے متعلقہ ٹیموں کو بھیجا گیا ہے۔واقعے کے دوران کسی شخص کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ انہیں فوری طور پر ضروری امداد اور دیگر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
آگ لگنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے، جبکہ انتظامیہ نے واقعے کی صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ ادھر مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں نے آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں