بھونیشور ( نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے زیراہتمام عالمی جونیئر ہاکی کپ کا آغاز آج سے ہورہا ہے۔ بھارت کے شہر بھوبنیشور میں 5 دسمبرتک کھیلے جانے والے اس میگا ایونٹ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم سمیت 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم نے ایونٹ کے آغاز سے قبل 2 پریکٹس میچز کھیلے جس میں پاکستان جونیئرز نے چلی کو 0-3 گول اور کینیڈا کو 0-1 گول سے شکست دی۔ پاکستان جونیئرزہاکی ٹیم کے کپتان رانا وحید نے کہا ہے کہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پریکٹس میچز میں چلی اور کینیڈا کو شکست دی جس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ ہمارے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور ہم جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کپتان رانا وحید نے کہا کہ کھلاڑیوں نے پریکٹس میچز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور انشاء اللہ ہم ایونٹ میں اچھا کھیل پیش کرینگے،۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سے ٹیم کی فتح کے لئے دعا کی اپیل ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان کے قومی کھیل کو سپورٹ کریں۔پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کل جرمنی کے خلاف ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔پاکستان اور جرمنی کے مابین میچ ساڑھے11 بجے پاکستانی وقت کے مطابق کھیلا جائیگا ۔ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں 4 پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم پول ڈی میں ارجنٹائن، مصر اور جرمنی کے ساتھ شامل ہے۔ پاکستان اپنا دوسرا پول میچ 27 نومبر کو مصر کے خلاف جبکہ تیسرا اور آخری پول میچ 28 نومبر کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گا۔دوسری طرف ہاکی ٹیم ہیڈ کوچ دانش کلیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کی وجہ سے، ہم اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ہاکی کے سامنے نہیں لا سکے لیکن ان مشکل حالات میں بھی ہم اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کریں گے اور ہم فتح تک پہنچنے کی کوشش کریں گے ۔ کھلاڑی ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں، اس قسم کے ٹورنامنٹ میں حصہ لینا کسی بھی کھلاڑی کا وژن ہوتا ہے۔اس ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں لہذا وہ نہ صرف ہاکی کھیلیں گی بلکہ ان 16 ممالک کو دیکھ کر سیکھیں گی۔ہم اچھی ہاکی کھیلیں گے اور ہم دوسروں کو حیران کرنے کی کوشش کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ وہ ہماری جیت کے لیے دعا کریں گے۔