ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے کراچی والوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے،مصطفی کمال

کراچی:پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے 50 سے زائد اراکین صوبائی اسمبلی بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کی کاپیاں پھاڑنے کے بجائے اسمبلی ہی میں دھرنا دے کر بیٹھ جاتے اور وہاں سے نہیں اٹھتے تو پیپلز پارٹی کی مجال نہیں تھی کہ یہ سیاہ قانون پاس کرتی۔

مصطفیٰ کمال کاکہنا تھا کہ وفاق میں دونوں سیاسی جماعتوں نے کراچی کی متنازع مردم شماری تسلیم اور کوٹہ سسٹم کو تاحیات لاگو کرکے کراچی  کے باسیوں کے پیٹھ میں زہر میں ڈوبا چھراگھونپ دیا لیکن اب باہر میڈیا کے سامنے احتجاج کرکے قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ اہل کراچی اب انکی لگی لپٹی میں نہیں آئیں گے۔ پی ایس پی کی باکردار، محنتی اور قابل قیادت سندھ کے ظالم حکمرانوں کی حکمرانی ختم کرنے کی جدو جہد کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پیپلز پارٹی کی دہشت گردی سے پورے سندھ کو آزادی دلوا کر ثابت کریں گے کہ مسئلہ اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔ نئے بلدیاتی ترمیمی قانون کے زریعے پیپلز پارٹی پاکستان کی معاشی شہ رگ کی سانسیں روکنا چاہتی ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی کو معاشی اور معاشرتی طور پر مفلوج کرنا چاہتی ہے۔ پی ایس پی کے ہوتے پیپلز پارٹی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ تیرہ سال سے پانی کا ایک نیا قطرہ تو درکنار، پیپلزپارٹی آتے ہوئے پانی کی لائنز پر ہائیڈرنٹس بنا کر کراچی والوں کو بیچتی ہے۔ ستر لاکھ کم گننے پر کوئی بولنے والا نہیں، کوٹہ سسٹم پیپلزپارٹی کے بڑے نافذ کرگئے تھے، لیکن انکی اولادیں شہری سندھ کے لیے مختص 40 فیصد کوٹہ بھی شہریوں کو نہیں دے رہے، دوسرے اضلاع سے پیپلز پارٹی اپنے ورکرز کے جعلی ڈومیسائل بنا کر شہری سندھ کے کوٹے پر بھرتی کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 10242 ارب خرچ کردیے سندھ انسانوں کے رہنے کے لائق نہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں