کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 9 مریض انتقال کرگئے جبکہ ایک ہزار 952 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 9 ہزار 51 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں17 ہزار 94 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک ہزار 952 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ تشخیص کی شرح کا11.4 فیصد ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد7 ہزار 878 ہوگئی ہے جوکہ اموات کی شرح کا 1.5 فیصد ہے، اب تک 76 لاکھ 39 ہزار 722 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے اور 5 لاکھ 47 ہزار 200 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں9 ہزار 51 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 99 ہزار 321 ہوچکی ہے۔
