حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی کے مارے عوام پر حکومت نے بجلی گرادی،بجلی کے نرخوں میں اضافہ تشویشناک ہے، دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ فروری کے بلوں میں وصول کی جا رہی ہے، حکومت عوام کی جیبوں پر ڈاکا مار رہی ہے۔عقیل احمد خان نے کہا کہ وفاقی حکومت بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سرچارچ طویل عرصے سے وصول کر رہی ہے جو عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ بجلی کی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 18ویں ترمیم کی خلاف ورزی بھی ہے۔فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر عوامی ردعمل بھی آ رہا ہے، انہیں شکایت ہے کہ بجلی کا اصل بل کم اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سرچارج زیادہ ہے،ہر مہینے پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی صارفین کو بلوں میں ہزاروں روپے وصول کیے جا رہے ہیں جو مجموعی طور پر کئی ارب روپے بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی و بیروگاری سے تنگ تھے بجلی کے نرخوں میں اضافہ حالیہ فیصلے سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، بجلی بم گرانے کے نتیجے میں صارفین کروڑوں کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے انتخابات سے قبل عوام کو جو سہانے خواب دکھائے تھے وہ سب ایک ایک کر کے چکنا چور ہوتے جارہے ہیں۔ حکومت مہنگائی کے خاتمے، قیمتوں پر کنٹرول اوربار بار پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے بجائے کفایت شعاری غیر ضروری و غیر ترقیاتی اخراجات ختم کرے۔