ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اوگرا کا نرخ نامہ نظرانداز، اضافی قیمت پر پیٹرول کی فروخت جاری

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) کراچی کے متعدد پیٹرول پمپس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا نرخنامہ نظرانداز کر کے اپنی مرضی کے نرخ پر پیٹرول کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ اوگرا کی جانب سے پیٹرول پمپس کیلیے پیٹرول کے نرخ فی لیٹر 159 روپے 86 پیسے اور ڈیزل 154 روپے 15 پیسے مقرر کیے گئے ہیں، کراچی کے بیشتر پیٹرول پمپس پر پیٹرول 160 روپے 34 پیسے اور ڈیزل 155 روپے 34 پیسے کا نرخ نامہ لگا ہوا ہے جبکہ صارف سے پیٹرول 161 روپے فی لیٹراور ڈیزل 156 روپے فی لیٹر وصول کیا جا رہا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں نرخ سے زاید قیمت وصولی پر شہر یوں اور پمپس مالکان کے درمیان تلخ کلامی روز کا معمول بن گئی ہے، شہریوں سے پیٹرول پر 1 روپے 14 پیسے اور ڈیزل پر 1 روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافی وصول کیے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے صارفین کے حقوق کیلیے کا م کرنے والی تنظیم کنزیورائٹس کونسل کے سا بق رکن محمد جنید نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صارف کے حقوق کیلیے سندھ اسمبلی سے بل منظور ہونے اور عدالتیں قائم ہونے کے باوجود اب تک صارفین کے حقوق کیلیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں صارف کے حقوق کیلیے بنائی جانے والی صارف عدالتیں بھی اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں، دنیا بھر میں صارف کو بہت زیادہ حقوق حاصل ہوتے ہیں لیکن پاکستان اور خصوصاً کراچی میں صارف کی کوئی سنوائی نہیں ہوتی، سبزی فروش سے لے کر پیٹرول پمپس تک سب ہی صارفین کے حقوق غصب کر رہے ہیں، پیٹرول پمپس پر صرف اضافی قیمت وصول کرنے کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ بعض پیٹرول پمپس پر تو پیٹرول کی چوری کی جاتی ہے صارف کو مطلوبہ رقم کے عوض کم پیٹرول فراہم کیا جاتا ہے، صارف کو اپنے حقوق کے حصول کیلیے بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اضافی رقم وصول کرنے کا نوٹس لے کر پمپس مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ اس حوالے سے چیئرمین پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن سمیع خان نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بعض پیٹرولیم کمپنیوں نے ٹیکس اور دیگر اخراجات کی وجہ سے اپنے ریٹ فکس کیے ہوتے ہیں ویسے عموماً پمپس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت اوگرا کے مقرر کردہ نرخ پر ہی فروخت کی جاتی ہیں، اس کے باوجود اگر کوئی پیٹرول پمپ مالک کسی صارف سے ایک پیسہ بھی اضافی وصول کر رہا ہے تو یہ غلط اقدام ہے، صارف کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اور پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کو اس پمپ کے بارے میں تحریری طور پر اپنی شکایت بھیج دیں ہم موصول ہونے والی شکایتی درخواست کے مطابق اس پمپ کے خلاف کارراوئی کریں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں