لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور قلندرزکے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے کہا ہے کہ قلندرز کا پورا اسکواڈ ایک فیملی کی طرح ہے۔لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے ثمین رانا نے کہا کہ حارث رئوف اور کامران غلام کی ایک دوسرے سے گہری دوستی ہے، حارث غصے میں اپنے دوست کو مارنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ ان کے آپس کے مذاق میں حارث رف نے کندھے پر مارنا چاہا تھا جسے زور دار تھپڑ بنا دیا گیا، حارث رف اور کامران غلام کی اس سے پہلے اور بعد کی ویڈیوز بھی دیکھنی چاہییں۔ثمین رانا کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے کھلاڑی متحرک ہیں اور ملتان سلطانز کے خلاف کوالیفائرپرفوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکستوں سے سیکھا ہے فیلڈنگ بہتر کرنا ہے اور بیٹنگ میں تسلسل لانا ہے۔قلندرز کے سی او او نے مزید کہا کہ فل سالٹ اور ڈیوڈ ویسا سے رنز درکار ہیں، حفیظ فارم میں آ گئے ہیں۔