جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں نئی حلقہ بندیوں پر جماعت اسلامی کو بھی شدید تحفظات ،پی پی عوام سے خوفزدہ ہے 14سالہ دور اقتدار میں کچھ نہ کر سکنے کی وجہ سے حلقہ بندیوں میںغیر منصفانہ تبدیلی کی گئی ہے،عبدالحفیظ بجارانی کی گفتگو ۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں نئی حلقہ بندیوں پر جماعت اسلامی نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سندھ عبدالحفیظ بجارانی نے جیکب آباد میںصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد میںناقص اور زمینی حقائق کے برعکس حلقہ بندی کی گئی ہے جس سے عوام ناخوش ہیںایک یوسی کو دوسری یوسی سے بدنیتی کرکے ملایا گیا ہے بختیارپور یوسی کو دیھ شجرا بھی دی گئی ہے جو کہ دس کلو میٹر دور ہے ایک علاقے کو دوسرے علاقے سے غلط طریقے سے ملایا گیا ہے آبادی بڑی ہے تو یونین کونسل کی تعداد بڑھائی جاتی بے تکی حلقہ بندی کی گئی ہے۔عبدالحفیظ بجارانی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوام سے خوفزدہ ہے 14سالہ دور اقتدار میں ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام نالاں ہیں،پی پی نے عوام کی بھلائی کے لیے کوئی کام نہیںکیا اسپتال ،اسکول ،روڈ راستوں کی سہولت سے عوام محروم ہیں پی پی نے کرپشن اور رشوت خوری کے سوا کچھ نہیں کیا، پی پی کے حکمرانوں کو پتا ہے کہ عوام اب انہیں ووٹ نہیں دیں گے اس لیے حلقہ بندی میں کرپشن کی گئی ہے ۔جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن جیکب آباد میں موجودہ حلقہ بندی پر نظر ثانی کرکے نئی حلقہ بندی کرائے ۔اس حوالے سے عوامی اتحاد سمیت دیگر سے رابطہ کرکے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے حکمران عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر لانگ مارچ کرنے نکلے ہیں،جیکب آباد میں نئی حلقہ بندی میںعوام کو سہولت دینے کے بجائے پریشان کیا گیا ہے عوام کو حق رائے دہی کے استعما ل میں سہولت اور آسانی دینے کے بجائے تنگ کیا جا رہا ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔