ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد، نواز شریف کا گرین سگنل، اپوزیشن نے مسودہ تیار کرلیا

وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر نواز شریف نے آصف زرداری، مولانا فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کو گرین سگنل دے دیا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ایشو پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک ختم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر اپوزیشن کے تین بڑوں میں فوری انتخابات پر اتفاق کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ڈی ایم نے پیپلزپارٹی کو فوری انتخابات پر قائل کرلیا ہے۔

دوسری جانب حزبِ اختلاف نے تحریکِ عدم اعتماد کا مسودہ تیار کر لیا ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد پر 80 سے زائد اپوزیشن اراکین کے دستخط ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد کے مسودے پر پیپلز پارٹی، ن لیگ، جے یو آئی، اے این پی، بی این پی مینگل اور دیگر کے دستخط ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن بھی تیار کر رکھی ہے، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیمبر کو اس ضمن میں الرٹ کر دیا گیا ہے۔

اپوزیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ حزبِ اختلاف کی جانب سے تحریکِ عدم اعتماد اور ریکوزیشن کسی بھی وقت جمع کروائی جا سکتی ہے۔

تحریکِ عدم اعتماد کے مجوزہ مسودے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتِ حال ہے، خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

مجوزہ مسودے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قائدِ ایوان اس ایوان کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں، اس صورتِ حال کے تناظر میں قائدِ ایوان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جاتی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں