اسلام آباد(صباح نیوز)مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ عالمی کشیدگی کو ختم ہونا چاہیے تاکہ امن اور تجارت فروغ پا سکے۔وفاقی سرمایہ کاری بورڈ کی سی پیک پر سالانہ انڈسٹریل کوآپریشن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ اظفر احسن نے شرکت کی۔علاوہ ازیں کانفرنس میں چینی قونصل جنرل لی بائی جان اور چیف سیکرٹری ممتازعلی شاہ سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرازق دائود کا کہنا تھا کہ عالمی کشیدگی کو ختم ہونا چاہیے تاکہ امن اور تجارت فروغ پا سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کی مدد سے دونوں ممالک کو عالمی، ملکی اورعلاقائی تجارتی مواقع میئسر ہوں گے، سی پیک امریکا اور روس سے تجارتی تعلقات کوبہتر کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا،گزشتہ 3سال سے سی پیک پر مسلسل کام کررہے ہیں،پاکستان اپنی تیار کردہ مصنوعات کو ایکسپورٹ کرے گا جبکہ آئندہ بجٹ میں ڈیوٹیزکو ختم کریں گے تاکہ ایکسپورٹ بڑھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے، سی پیک سے پاکستان اور افغانستان کے مابین بھی تجارتی تعلقات بہتر ہوں گے۔عبدالرزاق دائود نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کے لیے اہم کردار ادا کررہے ہیں، گزشتہ2 سال سے ترسیلات زر میں بہترین اضافہ ہوا ہے۔سال 2020ء معاشی لحاظ سے مشکل تھا لیکن الحمداللہ اب صورتحال بہت بہتر ہے اوراب ہم ٹریک پر ہیں جس کا اعتراف دنیا کررہی ہے جبکہ ہمارے پاس بہترین مواقع موجود ہیں۔