ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

موجودہ صورتحال کی وجہ پی ٹی آئی خود، وزیراعظم کے مشیر تباہی کے راستے پر لے جانے والے ہیں: فیصل واوڈا

تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے اپنی ہی جماعت پر برستے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کی وجہ تحریک انصاف خود ہے۔ وزیراعظم کے مشیران بزدل ہیں، وہی لوگ ان کو تباہی کے راستے پر لے جانے والے ہیں۔

سماء ٹی وی کے پروگرام ”ندیم ملک لائیو” میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اردگرد موجود ان بزدل مشیروں میں سے تو کچھ ایسے ہیں جو اپنی شیروانی اور پاجامہ سلوانے کیلئے پھر رہے ہوتے ہیں۔

پروگرام کے اینکر ندیم ملک نے یہ بات سن کر کہا پروڈیوسر سے کہا کہ اسے بڑی خبر کی طرح چلائیں۔ اس پر فیصل واوڈا نے جواب دیا کہ بڑا بڑا کرکے چلائیں میں کسی کے باپ کا تھوڑی کھاتا ہوں۔

ندیم ملک نے سوال کیا کہ آپ جن مشیروں کا ذکر کر رہے ہیں، ان کے نام تو ذرا بتائیں کہ وہ کون ہیں؟ اس پر فیصل واوڈا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو آپ کو وزیراعظم عمران خان کے اردگرد نظر آتے ہیں، انھیں آئندہ الیکشن میں ان کے گھر والے تک ووٹ نہیں دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ میں پہلے دن سے وزیراعظم کیساتھ چلا ہوں اور انھیں ہر طرح کی سپورٹ فراہم کی ہے۔ ندیم ملک نے پوچھا کیا یہی لوگ پرائم منسٹر کو دھکا دینے والوں میں شامل ہیں؟ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ وزیراعظم عمران خان کو تباہی کے راستے پر لے کر جانے والے ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ میں بہت زیادہ پراعتماد ہوں، مجھے سب لوگ ہوا میں نظر آ رہے ہیں۔ زنجیریں ان گھٹیا لوگوں کیلئے بھی ہیں، جو اقتدار میں بیٹھ کر حکومت کی جڑیں کاٹتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ میں سیاسی تجزیے کے اندر بہت جونئیر ہوں لیکن میں گارنٹی کرتا ہوں کہ عمران خان کہیں جا رہے ہیں اور نہ ہی ان کی حکومت، یہاں پر ہر آدمی نے اپنا چورن بیچا۔

اس سے قبل اپنی ایک ٹویٹ میں فیصل واوڈا نے لکھا تھا کہ نہ وزیراعظم کہیں جا رہے ہیں اور نہ ہی وزیراعلیٰ۔ 172 کی بجائے 182 ووٹ بھی دے دیں تو وزیراعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ اپوزیشن نامی ڈاکوئوں کے گلدستے کا مستقبل ہوا میں اور ہاتھوں میں زنجیریں ہی ہوں گی۔ اب دیکھو عمران خان کیا کرتا ہے تمہارے ساتھ۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں