ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

وزیراعظم نے وزراء کو اتحادیوں کیخلاف بیان بازی سے روک دیا،ارکان اسمبلی کو مسائل حل کرنیکی یقین دہانی

اسلام آباد: جے ڈی اے کا وفد فہمیدہ مرزا کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کررہا ہے

اسلا م آباد(صباح نیوز+اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وزرااورپارٹی رہنمائوں کو اتحادیوں سے متعلق بیان بازی سے روک دیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اپوزیشن کی جانب سے بڑھتے دباؤکے پیش نظر اپنے اتحادیوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنمائوں کو محتاط رہنے کا کہہ دیا ہے۔وزیر اعظم نے ان سے کہا ہے کہ اتحادیوں سے متعلق معاملات کو افہام و تفہیم سے دیکھا جائے گا، اس لیے ان کے خلاف کوئی بیان نہ دے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی کورکمیٹی اجلاس میں یقین بھی دلایا کہ اتحادی کہیں نہیں جا رہے ،ہمارے ساتھ ہیں ،تمام تیاریاں مکمل ہیں ،تحریک عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں، صورتحال اطمینان بخش ہے،مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے،مقدمات منطقی انجام تک پہنچنے کے باعث اپوزیشن کو جلدی ہے، کرپٹ ٹولے کو عوام میں بے نقاب کیاجائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد ہی نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف سازش بھی ناکام ہوگی۔دریں اثنا وزیراعظم نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر مشاورت مکمل کرلی ۔ کور کمیٹی نے عدم اعتماد سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے۔کور کمیٹی میں اتفاق کیا گیا کہ ڈی چوک پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جب کہ پی ٹی آئی نے اپوزیشن کے خلاف جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھے جائیں گے ۔مزید برآں وزیر اعظم نے اپوزیشن کے جلسوں کا جواب دینے کے لیے اسد عمر اور عامر کیانی کو ڈی چوک جلسے کی ذمے داریاں سونپ دی ہیں۔اس سے قبل وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کپتان نے ڈی چوک اسلام آباد جلسے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جہاں 27مارچ کو تاریخ ساز اجتماع ہوگا۔ادھر وفاقی دارالحکومت کی سیاسی فضا میں حرارت عروج پر پہنچ گئی ہے، حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے حکومتی اتحادی ہدف بن گئے ہیں اور وزیر اعظم کو خود متحرک ہونا پڑگیا۔پیر کو وزیر اعظم نے پارلیمنٹ لاجز جا کر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس میں جی ڈی اے رہنمائوں نے حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے علاوہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور شہباز گل موجود تھے۔دوسری طرف پارلیمنٹ لاجز میں وزیراعظم عمران خان نے بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر بی اے پی کی قیادت سے تعاون کی درخواست کی۔وزیر اعظم کے ہمراہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر بھی موجود تھے۔وزیر اعظم سے ارکان قومی اسمبلی نے بھی ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر عمران خان نے اراکین اسمبلی کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اپنے حلقوں میں عوامی رابطے تیز کریں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں