ٹنڈوآدم(نمائندہ جسارت) ٹنڈوآدم میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، انتظامیہ اورتاجروں میں ٹھن گئی، ایک دوسرے کیخلاف احتجاج، 8 نامزد اور 30 نامعلوم تاجروں کیخلاف ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج، خاکروب ہڑتال پرچلے گئے، انجمن تاجران کاسی ایم اوکوبرطرف، جھوٹا مقدمہ ختم کرنے کا مطالبہ۔ بصورت دیگر پورے ضلعے سمیت سندھ بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزمونسپل کمیٹی کی جانب سے تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران تاجروں اورسینیٹری عملے دوران تصادم کے نتیجے میں سٹی تھانے میں میونسپل ملازم غلام حسین ملوکانی کی مدعیت میں 38افرادکیخلاف ایف آئی آردرج کرائی گئی ہے جس میں 8دکانداروں فیصل غفورانصاری، فرحان غوری، فیصل غوری، فرحان شیخ، ذیشان کھوکھر، شعیب قریشی، ساجدقریشی اور زبیربھٹی کونامزدجبکہ 30 نامعلوم افرادشامل ہیں۔ واقعے کیخلاف میونسپل سی بی اے ورکرزکی اپیل پرکام چھوڑہڑتال کی گئی جس سے شہرمیں گندگی کے ڈھیرلگ گئے۔ دوسری طرف انجمن تاجران سندھ کے صدر جاویدقریشی نے اقبال بھٹی، حبیب بہلم، قدیر مغل، نوشاد شیخ ،مشتاق عادل ودیگرکے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ میونسپل عملے نے بغیر کسی نوٹس کے تجاوزات کیخلاف کارروائی کی آڑمیں دہشت گردی کی اوردکانداروں کے ساتھ لوٹ مارکرتے ہوئے دکانوں میں موجودکیش تک لوٹ کرلے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ان کاسینیٹری عملے سے کسی قسم کاجھگڑانہیں ہے لیکن سی ایم اوٹنڈوآدم نے اپنی نااہلی کو چھپانے کیلیے شہرکاامن وامان تباہ کرنے کیلیے تاجروں کیخلاف جان بوجھ کرمقدمات درج کرائے جس کی وہ بھرپورمذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پنشن گریجویٹی اور ٹھیکیداروں کے بقایا جات ادا کرنے کے بجائے اپنی جیب گرم کرنے کیلیے ترقیاتی کاموں کا ڈراما رچایا جارہا ہے لاکھوں کے ٹریکٹر کی مینٹینینس، بلبوں، پیٹرول و ڈیزل کے بل چیک کیے جائیں تو پتا چلے گا کہ شہر میں کہاں کہاں یہ پیسہ لگا ہے جبکہ میونسپل کمیٹی کو ملنے والے لوڈرز چنگ چی کی مشینری کو تباہ کردیا گیا ہے شہر بھر میں اپنے لوگوں کو نوازنے کیلیے صفائی کا ٹھیکیداری نظام مسلط کیا ہوا ہے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ وزیربلدیات سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کرپٹ سی ایم اوکوفوری برطرف کرکے تاجروں پردرج مقدمات ختم کرائے جائیں بصورت دیگرضلع سانگھڑسمیت پورے صوبے میں شٹرڈائون کرکے احتجاج کرنے پرمجبورہوں گے۔