ویب ڈیسک —
پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی شان دار بیٹنگ کے باعث پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا کراچی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہو گیا ہے۔
میچ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کو جیت کے لیے 314 جب کہ آسٹریلیا کو آٹھ وکٹیں درکار تھیں، تاہم پاکستانی بیٹرز آسٹریلیا کی نپی تلی بالنگ کے سامنے چٹان کی طرح ڈٹ گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 506 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے پاکستان کی دوسری اننگز کو آگے بڑھایا تو لنچ سے محض ایک اوور قبل عبداللہ شفیق 96 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
بعدازاں بابر اعظم کا ساتھ دینے فواد عالم آئے جو صرف نو رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس موقع پر لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا کی ٹیم ٹیسٹ میچ جیت سکتی ہے، لیکن محمد رضوان اور بابر اعظم نے 117 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
بابر اعظم صرف چار رنز کے فرق سے اپنی ڈبل سینچری مکمل نہ کر سکے اور 196 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی اگلی ہی گیند پر فہیم اشرف بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
اسپنر ساجد خان بھی نو رنز بنا کر پویلین لوٹے تو پھر آسٹریلیا کی جیت کے امکانات روش ہوئے۔ لیکن محمد رضوان نے اپنی شان دار سینچری مکمل کر کے پاکستان کو شکست سے بچا لیا۔
پانچویں روز کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 443 رنز بنا لیے تھے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 556 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی جب کہ پاکستان اپنی پہلی اننگز میں صرف 148 رنز بنا سکا تھا تاہم آسٹریلیا نے پاکستان کو فالو آن کرنے کے بجائے خود بیٹنگ کی اور دوسری اننگز 92 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔