اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی دبائو میں آنے والا نہیں ہوں، ہم آخری دم تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اتحادی جماعتوں اور ارکان سے رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے قانونی ٹیم نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم کو عدالت عظمیٰ میں آرٹیکل 63اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس پر سماعت پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اپوزیشن کی غلط فہمی ہے میں دبائو میں آجائوں گا، 27 مارچ کو عوام بتا دیں گے وہ کس کے ساتھ ہیں،اس سے پہلے وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا کہ قوم 27مارچ کو میرے ساتھ نکلے اور بتائے کہ ہم بدی نہیں نیکی کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہوں، لوگوں کو خریدا جارہا ہے، اسے ہمیں روکنا ہوگا، چور اکٹھے ہوکر منتخب نمائندوں کے ضمیر خرید رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ اللہ مسلمانوں کو حکم دیتا ہے کہ اچھائی کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، حکم ہے کے بدی اور برائی کے خلاف کھڑے ہوں۔ایک منٹ سے بھی کم پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکوں کا ٹولہ 30سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے، اور پیسہ باہر بھیج رہا ہے، چاہتا ہوں قوم میرے ساتھ 27تاریخ کو نکلے۔
