
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سربراہان سیٹھ محمد امین کھتری، مسعود پرویز اور سلیم عمر میمن نے صدر چیمبر محمد الطاف میمن و دیگر عہدیداران کے ہمراہ چیمبر کے اشتراک سے جاری 10 روزہ ’’ مارچ حیدرآباد فیملی فیسٹیول‘‘ کا دورہ کیا اور یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے صدر الطاف میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہم قومی تہوار کے طور پر مناتے ہیں۔ 23 مارچ ، 1940ء کو لاہور کے منٹو پارک (اقبال پارک) میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا جس میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک قرار داد دو قومی نظریے کے ساتھ ساتھ مملکت خداداد پاکستان کی بنیاد رکھنے کی پیش کی گئی۔ سربراہان امین کھتری، مسعود پرویز اور سلیم عمر نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے بچوں اور خاص کر ملک کے نوجوانوں کو 23 مارچ 1940ء کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں جوانوں کی ذہن سازی کرنا ہوگی، ان کو تیار کرنا ہوگا، عدل و انصاف کا درس دینا ہوگا یہ باور کرانا ہوگا کہ یہ مملکت خداداد پاکستان کوئی عام ملک نہیں بلکہ اللہ پاک کے رازوں میں سے ایک راز ہے۔ سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن نے کہا کہ کوشش کریں اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اس ملک اور افواج کی قدر کریں ہم بہت خوش نصیب ہیں کہ ہمیں پاکستان جیسا خوبصورت ملک اللہ تعالیٰ نے عطا کیا۔اس موقع پر سابق صدور سلیم الدین قریشی، دولت رام لوہانہ، محمد اکرم انصاری، اراکین مجلس عاملہ محمد نعیم شیخ، احمد حسین شیخ، کنوینر سب کمیٹیز محمد یاسین خلجی، سکندر علی راجپوت، محمد سہیل میمن و دیگر بھی موجود تھے۔