لاہور (آن لائن)ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے صوابدیدی فنڈز کے حوالے سے مقامی چینل کی خبر من گھڑت اور حقائق سے یکسر منافی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس کا تمام ریکارڈ محفوظ ہے اور خبر میں غلط اعداد و شمار دے کر رپورٹر نے صحافتی بددیانتی کا مظاہرہ کیا ہے۔پنجاب حکومت بے بنیاد اور بے سروپا خبر شائع و نشر کرنے پر متعلقہ رپورٹر ، اخبار اور چینل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس کا مالی امداد سمیت کوئی اور ریکارڈ کسی جگہ منتقل نہیں کیا گیا اور تمام ریکارڈ وزیراعلیٰ آفس میں موجود ہے۔ نہ صرف موجودہ دور بلکہ سابق ادوار کا بھی ریکارڈ وزیراعلیٰ آفس میں محفوظ ہے۔ریکارڈ کو نامعلوم مقام پر منتقل یا ضائع کرنے کے حوالے سے خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ وزیراعلیٰ صوابدیدی فنڈز باقاعدہ ایک پروسیجر کے تحت فراہم کیے جاتے ہیں۔ اب تک تقریباً 7 کروڑ 81 لاکھ روپے مستحقین کو دیے گئے ہیں جبکہ رپورٹر نے خبر میں 80 سے 90 کروڑ روپے کے اجرا کے حوالے سے من گھڑت اعداد و شمار پیش کرکے صحافتی اصولوں کو پامال کیا ہے۔