کراچی: جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اے این ایف نے تین بڑی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 30 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کرلی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر کروڑوں روپے مالیت کی 30 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی، کارگو سے برآمد کی جانے والی آئس تولیوں میں جذب کرکے اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر آسٹریلیا بھیجے جانے والے کارگو سے 20 کلوگرام آئس پکڑی گئی، برآمد شدہ آئس تولیوں میں جذب کی گئی تھی، کارگو کراچی کی رہائشی امبر رمضان کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔
دوسری کارروائی میں سری لنکا بھیجے جانے والے پارسل سے 3 کلو گرام آئس برآمد ہوئی ہے۔ کارروائی شاہراہ فیصل پر واقع کوریئر کمپنی پر عمل میں لائی گئی، برآمدشدہ آئس لیڈیز کپڑوں میں جذب کی گئی تھی، پارسل شیخوپورہ کی رہائشی شگفتہ بانو کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔
تیسری کارروائی میں کوریئر کمپنی کے ذریعے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 7 کلوگرام آئس برآمد ہوئی ہے۔ برآمدشدہ آئس 3 عدد جائے نمازوں میں جذب کی گئی تھی، پارسل لاہور کے رہائشی ارشد علی کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ منشیات قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
