کراچی(اسٹاف رپورٹر) الخدمت رمضان فوڈ پیکج کے تحت آرفن فیملیز میں راشن تقسیم کر دیا گیا۔ راشن میں آٹا ،چینی ،دالیں ،بیسن ،کھجور ، چاول ، مشروبات اور دیگر اشیا شامل تھیں ۔راشن کی تقسیم کے لیے گزشتہ روز قبا آڈیٹوریم گلبرگ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں باہمت یتیم بچوں ، ان کی ماؤں اور سرپرستوں نے شرکت کی ۔تقریب کی مہمان خصوصی ناظمہ جماعت اسلامی ضلع گلبرگ طلعت ندیم تھیں۔اس موقع پر نصرت یوسف اور زاہدہ افضال نے رمضان کی فضلیت اورمومن کی ذمے داریوں سے متعلق اظہار خیال کیا ۔تقریب میں الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذمے داران موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے طلعت ندیم نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تباک وتعالی کی بڑی نعمت ہے ۔رمضان المبارک میں اللہ سے تعلق کو جوڑنا ہوگا ، رمضان برائیوں سے بچنے اورزیادہ سے زیادہ نیکیاں کمانے کا مہینہ ہے ۔اس ماہ کا ہر لمحہ اللہ کا قرب حاصل کرنے میں صرف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت جہاں آرفن فیملیز کو سارا سال مختلف مواقع پر انہیں یاد رکھتی ہے وہیں انہیں رمضان کی خوشیوں میں بھی شریک کر رہی ہے ،یہ نہایت خوشی کی بات ہے ۔ اہل خیر الخدمت کا ساتھ دیں ۔