لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کو غیرآئینی قراردینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ نے فیصلہ دے دیا کہ کوئی میڈیا اور عوام کو اندھا، بہرہ اور گونگا نہیں بناسکتا۔ آئین میں دی گئی شہری آزادیوں اور اظہار رائے کا تحفظ دستور اور جمہوریت کا تحفظ ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئین کی سربلندی کا فیصلہ دیا جو لائق تحسین ہے، پاکستان کے صحافیوں، سول سوسائٹی، میڈیا اداروں اور عوام کو مبارک پیش کرتے ہیں، پی بی اے، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یوجے اور ایمینڈ کو حق کی فتح مبارک ہو۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیکا ترمیمی آرڈیننس عمران صاحب
کی فسطائیت اور آمریت کا اظہار تھا، آج انجام کو پہنچا، آنے والے دنوں میں عمران صاحب کے دور کی پھیلائی ہر سیاہی ختم ہوگی، پیکا جیسے کالے قانون کے سبب تاریخ عمران صاحب کی ہمیشہ مذمت کرتی رہے گی۔