اسلا م آباد(صباح نیوز) سابق وزیر اعظم وچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ’’خوددار جوان خوددار پاکستان‘‘مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ21اپریل کو مینارِ پاکستان سے پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کا اعلان کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا ،جس میں سماجی میڈیا پر قوم سے براہِ راست گفتگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اجلاس کو 21اپریل کو مینارِ پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس اجلاس سے متعلق جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ذمے داران کو قافلوں کے ہمراہ بروقت جلسہ گاہ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے مستقبل کا موقع دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی خودمختاری اور جمہوریت کا تحفظ عوام کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کی تبدیلی قبول کی تو کوئی سربراہِ حکومت بیرونی دبا کا سامنا کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔عمران خان نے کہا کہ پوری قوم اپنی آزادی و خود مختاری کے لیے یکجا اور متحرک ہے، 21اپریل کو مینار پاکستان سے پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کا اعلان کریں گے۔