نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ پر کڑی تنقید کی ہے ، جس میں بھارت میں کورونا سے 40لاکھ ہلاکتوں کا انکشاف کیا گیا ہے ۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق نئی دہلی حکومت نے اعداد وشمار کے تنازع کے بعد ڈبلیو ایچ او کے اس مطالعے کو شائع کرنے سے روک دیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق بھارت میں کورونا سے اموات کی حقیقی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے 8گنا زیادہ ہے۔ تازہ ترین تجزیے سے پتاچلتا ہے کہ کورونا وبا کے سبب ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔یہ نتائج گزشتہ ماہ لینسیٹ کے اعداد و شمار اور فروری میں ایک سائنس جریدے کے مطالعے سے بھی ملتے ہیں ، جس میں کورونا سے 32 لاکھ اموات کا حساب لگایا گیا تھا۔ بھارت کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وبا سے متعلق ڈبلیو ایچ او کا ریاضیاتی ماڈل قابل اعتراض اور اعداد و شمار کے لحاظ سے غیر ثابت شدہ ہے۔وزارت صحت نے جسمانی درجہ حرارت اور ماہانہ اموات کے درمیان تعلق کے مفروضے کو بھی عجیب قرار دیا ہے۔