ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ "سعودی عرب کے ساتھ صحت، توانائی، غذائی تحفظ، زرعی ٹیکنالوجی، دفاعی صنعت اور فنانس جیسے شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے”۔
صدر ایردوان نے سوشل میڈیا پیج سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "خادم الحرمین کی دعوت پر ہم سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔ تاریخی، ثقافتی اور بشری روابط کے حامل دو برادر ممالک کی حیثیت سے ہم، ہر طرح کے باہمی سیاسی ، فوجی اور اقتصادی تعلقات میں اضافے اور ایک نئے دور کے آغاز کی کوششوں میں ہیں”۔
سعودی عرب اور ترکی کے درمیان موجود باہمی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ” ہمارا یقین ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ صحت، توانائی، غذائی تحفظ، زرعی ٹیکنالوجی، دفاعی صنعت اور فنانس جیسے شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ قابل تجدید اور صاف انرجی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی بڑے پیمانے پر صلاحیت موجود ہے۔ ہم ہر وسیلے سے یہ بیان کرتے چلے آ رہے ہیں کہ خلیج کے علاقے میں ہمارے بھائیوں کا استحکام اور سلامتی ہمارے لئے ہمارے اپنے استحکام اور سلامتی جتنی اہم ہے”۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہیں اور علاقائی ممالک کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ باہمی تعلقات کو ماضی سے کہیں آگے لے جائیں گے۔ اللہ کی رحمتوں برکتوں اور مغفرتوں سے مالامال اس مبارک ماہِ رمضان میں ہمارا یہ دورہ دوست اور برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ نئے دور کے دروازے کھولے گا”۔