ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مذہبی و سیاسی رہنمائوں کی مسجد نبوی واقعے کی شدید مذمت

اسلام آباد /لاہور/کوئٹہ (آن لائن)وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور دیگر وزرا کی مدینہ منورہ میں روضہ رسولؐ پر حاضری کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے روضہ رسولؐ کی توہین، نعرے بازی اور بے ہودہ زبان استعمال کرنے پر ملک بھر میں شدید احتجاج کیا گیا اور اس کی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی،خطبات جمعہ میں احتجاج اور مذمتی قراردادیں منظور کرائی گئیں ۔جید علما کرام نے اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے ۔ معروف مذہبی اسکالر مولاناطارق جمیل نے کہا ہے کہ مسجد نبویؐ میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ بالکل اسلام میں درست نہیں ، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے مسجد نبویؐ میں پیش آئے واقعے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر چیز برداشت کر سکتے ہیں لیکن حرمین الشریفین کی تعظیم پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتے، غم کی ایسی کیفیت ہے جو دور نہیں ہو رہی۔ سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ روضہ رسول اللہؐ کی توہین قابل مذمت ہے، حرم کے تقدس کا تقاضا تک نہیں دیکھا کیا گیا۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا قاری علیم الدین شاکر، پیرمیاں محمدرضوان نفیس، قاری جمیل الرحمن اختر ، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، مولانا حافظ محمداشرف گجر، مولانا خالد محمود، مولانامحبوب الحسن طاہر، مولانا عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ روضہ رسول ؐ کی بے حرمتی قابل مذمت ہے مسجد نبویؐ میںہونے والا دلخراش واقعہ انتہائی شرمناک فعل اور بد تہذیبی ہے جسے کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا۔علما نے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام بے ادبوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور مکہ مدینہ میں ان کے داخلے پر پابندی لگائی جائے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا کہ مسجد نبوی واقعے پر عمران خان کا جو مکروہ چہرہ سامنے آیا وہی ان کی سب سے بڑی سزا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ مسجد نبوی ؐ کے احاطے میں مریم اورنگزیب کو گالی دی گئی، اس سے بڑی بدبختی کیا ہو سکتی ہے کہ مغفرت کی راتوں میں، دنیا کی پاک ترین جگہ پر، پاک ترین ہستی کے در پر رحمتیں اور مغفرت سمیٹنے کے بجائے انسان دونوں جہانوں کی ذلتیں سمیٹ آئے۔وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا کہ روضہ رسول پر پیش آنے والے واقعے نے عمران خان کی اصلیت بے نقاب کردی ہے،عمران خان کو شرم آنی چاہیے،مقدس مقام جہاں فرشتے بھی درود شریف کا ورد کرتے ہیں وہاں پی ٹی آئی نے تماشا کیا۔یہ ایک سازش ہے جو پاکستان کو نقصان پہنچانے خاطر کی گئی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ عمران خان حرمت رسول ؐ سے ناآشنا اپنے پیروکاران کے قابل مذمت اقدام پر مخلوق خدا سے معافی مانگے۔جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ وفاقی وزیر اینٹی نارکوٹیکس نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے ٹوئٹر پرسورہ الحجرات کی آیت کا ترجمہ’’اے ایمان والو‘‘اپنی آوازیں نبی کی آواز پر اونچی نہ کرو اور ان کے حضور زیادہ بلند آواز سے کوئی بات نہ کہو جیسے ایک دوسرے کے سامنے بلند آواز سے بات کرتے ہو کہ کہیں تمہارے اعمال بربادنہ ہوجائیں اور تمہیں خبرنہ ہو‘‘ شیئر کیا۔انہوںنے مدینہ منورہ سے مرکزی نائب صدر نوراللہ وطن دوست سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ پورے پاکستان کی بدنامی کاسبب بنا۔ مسجدنبوی کی بے حرمتی کرنے والوں پرخداکاقہرضرور نازل ہوگا۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف ساراوان نواب اسلم خان رئیسانی نے کہا کہ ریاست پاکستان کی وفاقی شریعت عدالت مسجد نبوی واقعے کا نوٹس لے اور شرعی قوانین کے مطابق کارروائی کرے، عمران خان نے جو حرکت مدینہ منورہ میں کروائی قابل نفرت ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں