اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کا قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمدبن خلیفہ آل ثانی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، سیاسی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہوئے دونوں رہنماﺅں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا قطر کے امیر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کوعیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی جبکہ شہباز شریف نے قطر کے برادر عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
قطر کے امیر نے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا، دونوں رہنماوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط سیاسی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔دونوں رہنماﺅں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا جبکہ وزیراعظم نے قطر کے امیر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی،علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارک پیش کی۔
وزیراعظم نے خوشی کے اس موقع پر بحرین کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی نیک تمناں اور خواہشات کا پیغام دیا۔وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ پاکستان سلطنت بحرین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔